غزہ؛ حماس کے ہاتھوں مزید 7 اسرائیلی فوجی ہلاک، مجموعی تعداد 129 ہوگئی
تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج نے دو روز کے دوران غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ میں اپنے 7 اہلکاروں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق فوجی ترجمان نے بتایا کہ پیر کے روز جھڑپ میں غزہ کے شمالی اور جنوبی علاقے میں ایک ایک اہلکار مارے گئے جب کہ خان یونس میں اتوار کی شب 5 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار کی شب جھڑپ میں 4 اسرائیلی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ایک نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔اس طرح زمینی کارروائیوں کے دوران مارے گئے فوجیوں کی مجموعی تعداد 129 ہوگئی۔ حماس کے اسرائیل پر 7 اکتوبر پر کیے گئے حملے میں ہزار سے زائد اسرائیلی فوجیوں کی اموات ان 129 ہلاکتوں کے علاوہ ہیں۔قبل ازیں اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ زمینی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں میں سے 20 اپنے ہی ساتھی اہلکاروں کی غلطی سے کی گئی فائرنگ میں مارے گئے تھے۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 19 ہزار 453 ہوگئی جب کہ 52 ہزار 286 زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد بچوں اور خواتین کی ہیں۔