میکسیکو؛ کرسمس کی مرکزی تقریب سے قبل پارٹی میں فائرنگ سے 12 ہلاک
شمالی امریکی ملک میکسیکو میں کرسمس کی مرکزی تقریب سے قبل پارٹی پر حملے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق گواناجواتو ریاست کے حکام کے مطابق 6 سے زائد مسلح افراد نے کرسمس سے پہلے ایک روایتی تقریب میں شریک افراد پر فائرنگ کردی۔حکام نے فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق فائرنگ سے 12 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعہ سالوتیرا کے قصبے میں پیش آیا۔ریاست کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ زخمی ہونے والے 12 دیگر افراد کو ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ تقریب میں شریک ایک شخص نے بتایا کہ 6 مسلح افراد پنڈال میں داخل ہوئے اور تقریب میں جمع ہونے والے 100 سے زائد نوجوانوں کے درمیان گردش کرنے لگے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہوا کہ انہیں مدعو نہیں کیا گیا تھا اور جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کون ہیں تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔