پوپ فرانسس کا ہم جنس پرست جوڑوں سے متعلق تاریخی فیصلہ
ویٹی کن(مانیٹرنگ ڈیسک)کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ہم جنس پرستوں سے متعلق تاریخی فیصلے کی منظوری دے دی۔پیر کو ویٹی کن نے اپنی پالیسی میں بنیادی تبدیلی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیتھولک پادری ہم جنس پرست جوڑوں کو رحمت کی دعا دے سکتے ہیں تاہم یہ عمل غیر قانونی کام کو جائز نہیں بنائے گا بلکہ اس بات کی علامت ہے کہ خدا سب کو خوش آمدید کہتا ہے۔ویٹی کن نے اپنے بیان میں کہا کہ ’رحمت کی دعا‘ بعض حالات میں دی جا سکتی ہے اگر وہ ( ہم جنس پرست) اس کو شادی کی رسم کے ساتھ نہ الجھائیں کیونکہ شادی مرد اور عورت کے درمیان زندگی بھر کا رشتہ ہوتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پادریوں کو خدا کی رحمت اور محبت کے خواہاں افراد کو چرچ آنے سے کسی صورت منع نہیں کرنا چاہئے جہاں پر وہ اپنے لیے خدا سے مدد طلب کر سکتے ہیں۔