پی ٹی آئی امیدواروں کی شکایات دور کی جائیں، الیکشن کمیشن کا چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو خط
اسلام آباد(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کی لیول پلینئگ فیلڈ نہ ملنے کی شکایات اور سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے شکایات دور کرنے کے لیے صوبائی الیکشن کمشنرز، چیف سیکرٹریز، آئی جیز کو مراسلے ارسال کردیے۔ یہ مراسلہ الیکشن کمیشن کے سیکرٹری کی جانب سے بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل میں رکاوٹوں کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی ہیں تمام شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے، میڈیا کے ذریعے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کی دشواریاں کی شکایات ملی ہیں، امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مراسلے پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔