الیکشن کا دوسرا مرحلہ؛ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آغاز
اسلام آباد(بیورورپورٹ) ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔آج سے جمع شدہ تمام کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے عمل کا آغاز ہوگیا جو 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔اسکروٹنی میں کاغذات مسترد یا منظور ہونے کیخلاف الیکشن ٹربیونلز میں اپیل ہوسکے گی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں خلاف کل منگل 26 دسمبر سے اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ریٹرننگ افسران کے دفاتر کی سخت ترین سیکورٹی کر دی گئی۔ ریٹرننگ افسران نے دفاتر میں جتھوں کی صورت میں آنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے نعرہ بازی بھی ممنوع قرار دے دی۔ ریٹرننگ افسران نے ہدایت کی ہے کہ امیدوار صرف تجویز تائید کنندگان کو ہمراہ لائیں۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑ تال کی آسانی کے لیے آن لائن سہولت مرکز الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں قائم کیا گیا ہے، جو 24/7 کام کر رہا ہے۔اِس سہولت مرکز کی معاونت نادرا،قومی احتساب بیورو، ایف آئی اے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کر رہے ہیں۔ریٹرننگ افسران کی جانب سے موصول شدہ امیدواران کے کوائف ضروری کاروائی کے لیے ان اداروں کو بھجوائے جا رہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے سیکریٹری پاور ڈویژن ، سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن، سیکریٹری نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ڈویژن، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن ، چاروں چیف سیکریٹریز اور چیئرمین سی ڈی اے کو بھی تحریری طور پر مطلع کیا ہےکہ وہ ریٹرننگ افسران سے امیدواران کی فہرستیں حاصل کریں۔ حکومت کے تمام وفاقی ، صوبائی ادارے فوری ریٹرننگ افسران سے رابطہ کریں۔امیدواروں کی فہرست کا اجراء 24 دسمبر 2023 کو کیا جا چکا ہے۔ نادہندہ امیدواران کاغذاتِ نامزدگی کی چانچ پڑتال کے دوران مورخہ 25 تا 30 دسمبر 2023 تک متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے رجوع کریں۔ نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔