مسیحی برادری ملک میں کرسمس منارہی ہے

لاہور(بیورورپورٹ) مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منارہی ہے، چرچز میں کرسمس کی مناسبت سے بڑی دعائیہ تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔دعائیہ تقاریب میں بڑی تعداد میں مسیحی برادری کے بزرگ خواتین اور بچے شریک ہیں۔ گرجا گھروں میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ منع ہے۔کرسمس کی مناسبت سے چرچز کو برقی قمقموں سمیت نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ صبح ہوتے ہی دعائیہ تقاریب و عبادات کا اہتمام کیاگیا ہے۔کرسمس کے حوالے سے بڑے اجتماع کے شرکاء کو آرچ بشپ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے لیے امن و سلامتی کا پیغام دیا۔دعائیہ تقاریب میں عزم دہرایا گیا کہ حضرت عیسیٰ علیہ اسلام نے محبت اور بھائی چارے کا جو درس دیا اسے ہر سو پھیلایا جائے گا۔ تقریب میں پاکستان کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔پولیس کی جانب سے کرسمس تقریبات و عبادات کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کے ہزاروں افسران و جوان دن بھر کی تقریبات و چرچز کی سیکیورٹی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ رینجرز اہلکار بھی چرچز کی سیکیورٹی پر مامور کئے گئے ہیں۔لاہور میں بھی کرسمس کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، تقریبات کے دوران ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور خاص طور پر مظلوم فلسطینیوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی پنجاب کابینہ کے ہمراہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئے اور صوبائی وزراء کے ہمراہ سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لارنس روڈپر دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ کے ساتھ صوبائی وزراء، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر شخصیات نے مسیحی برداری کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا۔ آرچ بشپ آف لاہور، سبسٹین فرانسیس شاء نے وزیراعلی محسن نقوی کو پھول پیش کیے اور دعا کرائی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، جڑانوالہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جڑانوالہ واقعہ کے آخری ذمہ دارکو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں ںے کہا کہ آج لاہور میں سب سے بڑے میثاق سینٹر کا افتتاح کرنے جارہے ہیں، تاریخ میں پہلی بار پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس جڑانوالہ کے چرچ میں منعقد کیا گیا، اس اجلاس کا مقصد مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔وزیراعلی نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے ساتھ حسن سلوک کا درس نبی پاک ﷺ نے بھی دیا ہے اور قائداعظم محمد علی جناحؒ نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی ہے۔تقریب سے صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد اور آرچ بشپ آف لاہور سبسٹین فرانسیسز شا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، اظفر علی ناصر، ڈاکٹر جمال ناصر، ابراہیم حسن مراد، مشیروہاب ریاض، انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر، علمائے کرام اور مسیحی برادری کی سرکردہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept