< > پی ٹی آئی کا بلے کے نشان سے متعلق پرویز خٹک کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ
پشاور(بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے بلے کے نشان سے متعلق پرویز خٹک کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر شیر فضل مروت نے کہا کہ پرویز خٹک کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے، بیٹ کا نشان صرف الیکشن کمیشن ہی آفر کرسکتا ہے۔شیر افضل مروت نے کہا کہ بیٹ کا نشان آفر کرنے کی ضرورت کیوں تھی، پرویز خٹک نے تو تحریک انصاف کے مقابلے میں اپنی پارٹی بنائی ہے، پرویز خٹک کے بیان سے ان کے اور الیکشن کمیشن کے تانے بانے ملتے ہے۔ بلا پی ٹی آئی کا نشان تھا اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آخری ملاقات میں این اے 32 پشاور سے الیکشن لڑنے کے لیے مجھے نامزد کیا تھا، اپنے حلقے لکی مروت سے بھی قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں البتہ کہا سے الیکشن لڑنا ہے یہ فیصلہ پارٹی کا ہوگا۔ اگر میں چاہوں تو این اے 32 سے الیکشن لڑ سکتا ہو لیکن میں ضد نہیں کرتا جو پارٹی کا فیصلہ ہوگا وہی تسلیم کروں گا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان کی سائفر کیس میں ضمانت ہوگئی ہے، توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ سمیت باقی کیسز میں بھی جلد ضمانت ہو جائے گی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کیسے منعقد ہوگے جب ایک پارٹی سے ان کا نشان لے لیا جائے، ووٹروں سے ان کے ووٹ کا حق چھینا جارہا ہے۔