فلسطینی مسلمانوں سے اظہاریکجہتی، عرب امارات میں سال نو کی تقاریب منسوخ
شارجہ(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی ظلم و بربریت کاشکار غزہ کے مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کے لیے متحدہ عرب امارات میں سال نو کی تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نئے سال کی تمام استقبالیہ تقاریب اور آتش بازی کے پروگرام منسوخ کردیے گئے ہیں۔اس کا اعلان شارجہ کے حکمران کی اہلیہ اور وومن اسپورٹس کونسل کی چیئرپرسن شیخہ جواہر بنت محمد القاسمی نے اپنے ٹویٹر ( ایکس ) اکاؤنٹ پر کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ فلسطین میں اپنے لوگوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سال نو کی تمام تقاریب منسوخ کردی گئی ہیں۔اسی نوع کا اعلان شارجہ کے محکمہ پولیس کی جانب سے بھی سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بسنے والے بھائیوں کے ساتھ اتحاد کے اظہار کے لیے نئے سال کے موقع پر ہر قسم کی آتش بازی کی تقاریب پر پابندی ہوگی۔قبل ازیں متحدہ عرب امارات میں بسنے والے ہندووں اور عیسائیوں نے دیوالی اور کرسمس کی تقاریب میں بھی سادگی اختیار کرتے ہوئے اسرائیلی وحشت و بربریت کے خلاف فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔واضح رہے کہ غزہ میں ڈھائی مہینے سے اسرائیلی وحشت و بربریت جاری ہے اور صہیونی فوج کے فضائی اور زمینی حملوں میں اب تک 21 ہزار سے زائد فلسطینی مسلمان شہید اور 55 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہدا میں بچوں اور خواتین کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔