میلبرن ٹیسٹ میں شکست! حفیظ نے بھی امپائرنگ پر سوال اٹھادیا
قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر اور بیٹنگ کوچ محمد حفیظ نے میلبرن ٹیسٹ میں شکست کے بعد امپائرنگ پر سوال اٹھادیا۔میچ کے اختتام پر پریس کانفرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم کو جیت پر مبارکباد پیش کی اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کینگروز کو ہوم گراؤنڈ میں ٹف ٹائم دینے پر بھی سراہا۔محمد حفیظ نے امپائرنگ کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم پورے کھیل کا تجزیہ کریں تو امپائرز کے بہت ہی متضاد فیصلے تھے، میرے خیال میں اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک امپائر کال کا فیصلہ دوسری ٹیم کیلئے شکست کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ٹیم دائریکٹر نے کہا کہ میلبرن ٹیسٹ میں متعدد غلطیاں ہوئیں جبکہ کچھ مواقع ملے لیکن پلئیرز فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے، کھیل میں ٹیکنالوجی کیخلاف نہیں البتہ رضوان کو جس طرح آؤٹ قرار دیا گیا اس سے الجھن پیدا ہوئی ہے۔کھیل کے 61ویں اوور میں پیٹ کمنز کی گیند پر رضوان نے بال پر جھکنے کی کوشش کی تاہم بال گلفوز کے اسٹریپ کو لگتی ہوئی وکٹ کیپر ایلکس کیری کے پاس گئی، اپیل کرنے پر آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ قرار نہ دیا تاہم ریویو کرنے پر تھرڈ امپائر نے فیلڈنگ سائیڈ کے حق میں فیصلہ سنایا، جس پر رضوان نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ری پلے میں بھی اسنیکو میٹر اور ہاٹ اسپاٹ پر واضح طور پر کوئی نشان نظر نہیں آیا تاہم تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا، جس پر سوشل میڈیا سمیت کئی پلیٹ فارمز پر مداحوں کی جانب سے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔