ذمے دارانہ قانونی کردار سے اسٹیل ملزکی بحالی ممکن ہے، گوہر اعجاز
کراچی(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ذمہ دارانہ قانونی کردار ادا کر کے پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) اور پاکستان اسٹیل ملز پرگورنر ہاؤس کراچی میں اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی وزیر کو پاکستان اسٹیل ملز کی تباہی اور بندش کی وجوہات سے متعلق بتایا گیاوفاقی وزیر نے کہا 1982 سے 2023 تک آڈٹ کیے گئے، پاک اسٹیل ملز کے پرفارمنس انڈیکیٹرز (کے پی آئی)کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت / ایس آئی ایف سی اپنا ذمہ دارانہ قانونی کردار ادا کر کے پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کر سکتے ہیں۔ٹڈاپ عہدے داروں نے چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ زبیر موتی والا کی قیادت میں وفاقی وزیر کو اگلے ماہ کے آغاز میں قاہرہ، مصر میں ہونیوالی ’’چوتھی پاک-افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس (پی اے ٹی ڈی سی)‘‘ اور سنگل کنٹری نمائش (ایس سی ای)کے بارے میں آگاہ کیا۔پی اے ٹی ڈی سی اور ایس سی ای کے چوتھے ایڈیشن میں اردن، قطر، سعودی عرب، الجزائر، برکینا فاسو، مالی اور موریطانیہ سمیت ایم ای این اے خطے کی بڑی معیشتوں کی شرکت ہوگی۔ نمائش میں شرکت کے لیے پاکستان سے100 سے زائد کاروباری مالکان اور تاجروں کا وفد قاہرہ جائے گا۔