رضوان کا متنازع آؤٹ؛ آسٹریلوی کوچ نے بھی خاموشی توڑ دی
آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے میلبرن ٹیسٹ میں محمد رضوان کے آؤٹ پر خاموشی توڑ دی۔مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے میلبرن ٹیسٹ کے دوران وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے متنازع آؤٹ پر تھرڈ امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بیٹر یقینی طور آؤٹ تھے۔انہوں نے قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کے بیان پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹرز سمیت امپائرز کو یقین ہے کہ رضوان “یقینی طور پر آؤٹ” تھے۔آسٹریلوی کوچ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کو ہمیشہ مخصوص اوقات میں چیلنج کیا جاتا ہے لیکن ہمیں اپنے آپ سے ایک سوال پوچھنا ہوگا کہ کیا ہم اس میں مزید بہتری لاسکتے ہیں؟۔قبل ازیں میچ کے اختتام پر پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے بھی امپائرنگ کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا، انکا کہنا تھا کہ اگر ہم پورے کھیل کا تجزیہ کریں تو امپائرز کے بہت ہی متضاد فیصلے تھے، میرے خیال میں اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک امپائر کال کا فیصلہ دوسری ٹیم کیلئے شکست کا سبب بھی بن سکتا ہے۔محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میچ کے اختتام پر رضوان سے پوچھا کہ کیا گیند گلفوز پر لگی تھی جس پر کرکٹر نے جواب دیا کہ گیند میرے دستانوں کے اسٹریپ نہیں لگی تھی بلکہ کہنی اور ہتھیلی کے بیچ لگی تھی۔دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بورڈ ذرائع نے محمد رضوان کے متنازع آؤٹ پر ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سے بات چیت کی اور پاکستان کرکٹ بورڈ معاملے کو آئی سی سی کی گورننگ باڈی کے ساتھ اس نکتے کو اٹھانے پر غور کررہا ہے۔واضح رہے کہ میلبرن ٹیسٹ میچ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے متنازع آؤٹ نے تھرڈ امپائر کا کردار انسان سے منتقل کرکے آرٹیفشل انٹیلی جنس کے سپرد کیے جانے کا امکان بڑھا دیا۔