صرف 10 منٹ کی ورزش سیگریٹ چھوڑنے میں مددگار قرار
ویانا(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر سیگریٹ نوشی کا ترک کرنا آپ کے سالِ نو کے عزائم کی فہرست میں شامل ہے تو آپ انتہائی خوش قسمت ہیں کیوں کہ سائنس دانوں نے صرف 10 منٹ دورانیے کا ایک ایسا طریقہ کار دریافت کیا ہے جس سے سیگریٹ کی طلب میں کمی اور ترک کرنے کی علامات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے مطابق امریکا میں روکی جا سکنے والی بیماریوں، معذوری اور اموات کی سب سے بڑی وجہ تمباکو نونشی ہے۔2021 میں جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں 11.5 فی صد بڑی عمر کے افراد سیگریٹ نوشی کرتے ہیں لیکن سیگریٹ نوشی کرنے والے ان افراد کے نصف نے گزشتہ برس سیگریٹ چھوڑنے کے لیے کی جانے والی کوشش کے متعلق بتایا۔ مگر بدقسمتی سے ہر سال 10 میں سے ایک فرد اس کوشش میں کامیاب ہو پاتا ہے۔حال ہی میں آسٹریا کی یونیورسٹی آف اِنسبرک میں کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ صرف 10 منٹ کی ورزش وقتی طور پر سیگریٹ نوشی ترک کرنے والوں میں سیگریٹ کی طلب میں کمی اور ترک کرنے کی علامات میں اضافہ کرسکتی ہے۔جامعہ کے شعبہ اسپورٹس سائنس میں ڈاکٹریٹ کی طالبہ اور تحقیق کی سربراہ مصنفہ اسٹیفنی شوٹل نے ایک بیان میں کہا کہ ایسے متعدد مطالعے کیے گئے ہیں جن میں وقتی طور پر تمباکو نوشی ترک کرنے والوں پر بند جگہ میں ورزش کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ لیکن یہ پہلی تحقیق ہے جس میں کھلی فضا میں کی جانے والی ورزش کو شامل کیا گیا ہے۔جرنل سائیکو فارمالوجی میں شائع ہونے والی تحقیق میں سیگریٹ نوشی کرنے والے 16 افراد کو پوری رات بغیر سیگریٹ نوشی کے گزارنے کا کہا گیا۔ آئندہ دن شرکاء کو 10 منٹ تک تین میں سے کوئی ایک ورزش کرنے کے لیے کہا گیا۔ ان تین ورزشوں میں ایک کھلی فضا میں تیز تیز چلنا، یہی سرگرمی بند جگہ پر ٹریڈ مل پر کرنا اور نیچے بیٹھنا شامل تھا۔پروفیسر مارٹن کوپ کے مطابق تحقیق میں شامل تمام افراد کو بغیر کسی مخصوص ترتیب کے تمام صورتوں میں ورزش کرائی گئی۔ورزش سے پہلے، دوران اور بعد میں ان شرکاء سے ان کی طلب، ترک کرنے کی علامات اور مزاج کے متعلق پوچھا گیا۔ ان افراد نے دو سیگریٹوں کے درمیان دورانیے کے متعلق بھی بتایا۔محققین کو معلوم ہوا کہ وہ افراد جنہوں نے بند جگہ اور کھلی فضا ورزش کی تھی ان میں سیگریٹ کی طلب اور ترک کرنے کی علامات میں کمی واقع ہوئی تھی۔