شہدا کی عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے، صدر مملکت
اسلام آباد(بیورورپورٹ)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے جنہوں نے ہماری مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی پیش کرنے میں کبھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں بہادری سے لڑتے ہوئے دو افسران مادر وطن پر قربان ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شاہد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا، دونوں شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔صدر، آصف علی زرداری، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، سینئر حاضر سروس فوجی اور سول افسران، شہداء کے رشتے داروں اور علاقے کے مقامی لوگوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے۔ ان پائیدار اصولوں کی رہنمائی میں، پاکستانی فوج نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کی ایک اور شاندار روایت ہے جنہوں نے ہماری مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی پیش کرنے میں کبھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔بعدازاں، شہدا کی میتوں کو ان کے آبائی شہروں میں لے جایا گیا ہے جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔