کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، ٹی ٹی پی کا اہم دہشتگرد گرفتار
کراچی(بیورورپورٹ)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور وفاقی حساس ادارے نے منگھو پیر روڈ نورس چورنگی کے قریب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد ولی رحمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزم سے دستی بم سمیت دیگر اہم سامان برآمد کیا گیا، گرفتار ملزم کا تعلق کمانڈر عظمت اللہ عرف طارق گروپ سے ہے۔گرفتار ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سال 2004 میں جنوبی وزیرستان میں پاک آرمی اور ایف سی پر حملہ کیا تھا جس میں پاک آرمی اور ایف سی کے جوان شہید ہوئے تھے۔ اسی طرح، سال 2006 میں ایف سی فورٹ سپلوئے کے مقام پر ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ حملہ کیا تھا اور 2007 میں کمانڈر احمد حسن عرف سفیر کے ساتھ مل کر امن کمیٹی کے ممبر تارکستان کو شہید کیا تھا۔ملزم نے ہلاک کمانڈر قاری حسین سے ٹریننگ حاصل کی تھی جبکہ گرفتاری کے خوف سے سال 2009 میں دبئی فرار ہوگیا تھا۔ تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔