مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکار نے سرکاری رائفل سے خودکشی کرلی
سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے دارالحکومت سری نگر میں قابض بھارتی فوج کے بیس پر اچانک فائرنگ سے بھارتی فوجیوں نے خوف زدہ ہوکر دوڑیں لگا دیں۔بھارتی فوج کے افسران بھی معاملہ سمجھ نہ پائے اور اپنے کمروں میں ہی پوزیشن سنبھال لی تاہم بعد میں اندازہ ہوا کہ یہ کوئی حملہ نہیں بلکہ فوجی اڈے کے اندر سے ہی فائرنگ ہوئی ہے۔بھارتی فوج کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچے تو اپنے ایک اہلکار کو خون میں لت پت پایا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے اہلکار کی موت کی تصدیق کردی گئی۔کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکار کی رائفل قریب ہی پڑی تھی اور ابتدائی تفتیش میں یہ خودکشی کا واقعہ لگتا ہے تاہم اہلکار کے کمرے سے خودکشی نوٹ نہیں ملا۔ مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کے اہلکاروں میں ذہنی دباؤ، پست ہمتی اور بزدلی کے باعث خودکشی کے واقعات عام ہیں۔