آئی ایم ایف کے ساتھ طے کی گئی تمام شرائط کو پورا کررہے ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہوتا جارہا ہے، اگست میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آگئی، گزشتہ سال اگست میں مہنگائی کی شرح 27 فیصد کے قریب تھی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں محصولات کی مد میں بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہے، اسمگلنگ سمیت دیگر چیزوں کا خاتمہ کرنا ہے، رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائزنگ کو یقینی بنانے کے ساتھ گردشی قرضے بھی کم کرنے ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اخراجات کم کرنے کی پالیسی پر عمل کرنا ہے، روزگار کے موثر مواقع پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہوتا جارہا ہے، اگست میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آگئی، گزشتہ سال اگست میں مہنگائی کی شرح 27 فیصد کے قریب تھی۔شہباز شریف نے کہا کہ ترقی کا سفر کٹھن ضرور ہے مگر ناممکن نہیں، ہم اپنے اہداف پر توجہ مرکوز رکھیں تو منزل تک پہنچیں گے، باتوں اور سمری سے زیادہ عمل کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں وسائل سمیت قابل اذہان کی کمی نہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ ہماری جو بھی شرائط ہیں اسے پوری طرح پورا کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ نیا آئی ایم ایف پروگرام بھی مل جائے گا مگر ذہن نشین رہے کہ یہ پروگرام آخری ہونا چاہیے اور ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا چاہیے۔