کچے کے علاقے میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سخت آپریشن جاری رہے گا، خواجہ سلمان رفیق
لاہور(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ پنجاب میں لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے 12 ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں 12 ستمبر کو رحیم یار خان میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے فوج اور رینجرز کی 3 کمپنیاں تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کے امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن عامہ کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کچے کے علاقے میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سخت آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کیساتھ کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ امن و امان کی صورتحال کا براہ راست تعلق پاکستان کی معیشت سے ہے اور نقص امن کے مرتکب دہشتگردوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سیکیورٹی عثمان خالد، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔