موجودہ دور کے والدین زیادہ تناؤ کا شکار ہورہے ہیں، رپورٹ
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں والدین دنیا کی تیزرفتاری اور بچوں کی دیکھ بھال میں کافی تناؤ کا شکار ہیں اور یہ صحت عامہ کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔حال ہی میں سرکاری سطح پر جاری کردہ ایک سرجن جنرل کی ایڈوائزری میں پالیسی اور ثقافتی اصولوں میں تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔امریکی سرجن جنرل ڈاکٹر وویک مورتی نے لکھا کہ والدین کا کام نہ صرف بچوں کی صحت بلکہ معاشرے کی صحت پر بھی توجہ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کی فلاح و بہبود کا براہ راست تعلق ان کے بچوں کی فلاح و بہبود سے ہے۔ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح مائیں اور باپ اب 1985 کے مقابلے میں کئی گھنٹے زیادہ کام کررہے ہیں لیکن بچوں کی بنیادی دیکھ بھال پر ہر ہفتے مزید کئی گھنٹے صرف کرتے ہیں اور یہ ان کے بچوں کے ساتھ گزارے گئے کل وقت میں بھی شمار نہیں ہوتا۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کام اور بچوں کی دیکھ بھال دونوں کے مطالبات کو پورا کرنے کیلئے معیاری وقت، نیند اور والدین کے تفریحی وقت کی قربانی دینی پڑتی ہے۔اس کے علاوہ بوڑھے والدین یا دوسرے پیاروں کی دیکھ بھال کرنے والے والدین پر دباؤ اور بھی زیادہ ہوتا ہے۔