واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی نوجوان کو امریکا میں یہودیوں پرحملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔امریکی محکمہ انصاف کی رپورٹ کے مطابق 20 سالہ پاکستانی نوجوان محمد شاہ زیب کویہودیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں کینیڈا سے گرفتار کیا گیا۔ شاہ زیب مبینہ طورپر ایک خفیہ ایجنٹ کوبتایا کہ وہ اس لیے نیویارک کو نشانہ بنانا چاہتا ہے کہ وہاں یہودی بہت زیادہ ہیں۔امریکی حکام کے مطابق ملزم 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس حملوں کا ایک سال مکمل ہونے پر یہودیوں کو داعش کے نام پر قتل کرنا چاہتا تھا۔ شاہ زیب نے 4 ستمبرکو کینیڈا سے امریکا آنے کیلئے 3 مختلف گاڑیاں استعمال کیں۔ اسے کینیڈا کی سرحد سے 12 کلومیٹر اندر گرفتار کیا گیا۔ جرم ثابت ہونے پر شاہ زیب کو 20سال قید ہو سکتی ہے۔
کراچی(بیورورپورٹ)جمعے کو انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان برقرار رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں مسلسل پانچ ہفتوں سے اضافے کے رحجان، برآمدات میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر 16 تا 19فیصد کے اضافے اور فنانشل گیپ کو پورا کرنے کے لیے غیرملکی بینک کی ایک ارب ڈالر کا کمرشل لون دینے پر آمادگی جیسی مثبت اطلاعات کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی ڈالر تنزلی سے دوچار رہا تاہم اسکے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی پیشقدمی برقرار رہی۔خام تیل کی عالمی قیمت اپریل 2024 کی 91ڈالر کی بلند سطح سے 20فیصد گھٹنے سے درآمدی بل میں کمی کے امکانات جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 11پیسے کی کمی سے 278روپے 56پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی طلب ورسد کا توازن بگڑنے سے ڈالر کی قدر 69پیسے کے اضافے سے 280 روپے 94پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔